نئی دہلی،31 اکتوبر (ایس او نیوز) ریزرو بینک آف انڈیا (آربی آئی) کے گورنرارجت پٹیل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ سی این بی سی ٹی وی -18 کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا گیا ہے کہ وزیرخزانہ ارون جیٹلی کے بیان کے بعد آربی آئی اورحکومت کےدرمیان اختلاف میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے آربی آئی گورنراستعفیٰ دے سکتے ہیں۔
سی این بی سی ٹی وی -18 نے اس موضوع پر حکومت اوروزیراعظم دفترسے ردعمل جاننے کی کوشش کی ہے، لیکن اب تک کسی بھی فریق کا کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے ایک پروگرام میں ریزرو بینک کی جم کرتنقید کی تھی۔ وزیرخزانہ جیٹلی نے کہا تھا کہ جب 2008 سے 2014 کے درمیان بینک منمانے طریقے سے قرض دے رہے تھے تو ریزروبینک اس کو نظرانداز کرتا رہا۔ اس کے ٹھیک پہلے آربی آئی کے ڈپٹی گورنر نے جمعہ کوایک تقریرمیں کہا تھا کہ حکومت اگر آربی آئی کی خود مختاری میں مداخلت کرتی ہے تو یہ انتہائی نقصاندہ ہوسکتا ہے۔
مرکزی حکومت اس بات سے ناراض ہے کہ آربی آئی کے ساتھ اس کے اختلافات عوامی کیوں ہوگئے ہیں۔ سینئر افسران نے رائٹرس سے بات چیت میں کہا کہ حکومت کو خوف ہے کہ اس سے سرمایہ کاروں کے درمیان ملک کی شبیہ خراب نہ ہوجائے۔